30 ستمبر 2013 - 20:30
اشٹون، امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا ماحول سازگار بنائے

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے امور کی سربراہ کیٹرین اشٹون نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک درمیان آئندہ دور کے مذاکرات کیلئے ماحول سازگار بنانے کی کوشش کرے۔

ابنا: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے امور کی سربراہ نے واشنگٹن میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس سلسلے میں امریکہ کے متعلقہ عہدیداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مذاکرات کیلئے حالات بہتر بنائیں اور اس حوالے سے اپنی نیک نیتی کا ثبوت پیش کریں۔اس سے قبل یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے امور کی سربراہ کیٹرین اشٹون نے کہا تھا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک درمیان آئندہ دور کے مذاکرات پندرہ اور سولہ اکتوبر کو جنیوا میں ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ایک نشست ہوئی تھی جسے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے تعمیری قرار دیا تھا اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی اس نشست کے نتیجے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی تھی کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے اور تہران کے اس دعوے پر کسی کو کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیئے۔